• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان کا مہینہ ہو یا عام دستر خوان، گھر میں کھانا کھا رہے ہوں یا باہر، ہر صورت میں کئی کھانوں کے ساتھ مختلف اقسام کی چٹنیوں کی ضرورت پڑتی ہے، ان چٹنیوں کے استعمال سے نا صرف مرغن، تلی ہوئی غذائیں جلدی ہضم ہو جاتی ہیں بلکہ صحت پر بھی کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

جب چٹنیوں کی بات ہو تو منہ میں خود ہی پانی آنے لگتا ہے، طبی و غذائی ماہرین کی جانب سے تیز مسالوں کو صحت کے لیے مفید قرار دیا جاتا ہے، ایک تحقیق کے مطابق چٹنیاں اور تیز مسالے والی غذاؤں کے استعمال سے دماغ تیز، ہاضمہ درست، وزن کم اور کینسر لاحق ہونے کے خدشات میں کمی واقع ہوتی ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق ہر جڑی بوٹی جیسے کہ ادرک ،لہسن، پودینہ اور دھنیہ، املی، آلو بخارہ ، ہری اور لال مرچیں ہری پیاز، کچی کیری کا استعمال صحت کے لیے نہایت مفید ہے بشرطیکہ یہ سب اجزا تازہ اور بغیر کسی ملاوٹ اور پروسیس کے گھر میں ہی استعمال کیے جائیں۔

چٹنیوں کا استعمال ایسے تو سارا سال کیا جاتا ہے مگر ان کا استعمال رمضان کے دوران بڑھ جاتا ہے، افطار کے دسترخوان پر جب پکوڑے، رول ، سموسے، نگٹس ، چاٹ ، پاپڑ، دہی بڑے، سینڈوچز، کَٹلس، فرنچ فرائیز وغیرہ نظر آئیں تو چٹنیوں کے لیے خود ہی دل للچانے لگتا ہے، ایسے میں چٹنی کھانے کے سبب منہ کا ذائقہ تو بہتر ہوتا ہی ہے ساتھ میں صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

گھر میں جھٹ پٹ اور لذیذ، صحت کے لیے مفید چٹنیاں بنانے کے لیے مندرجہ ذیل بتائی گئی چٹنیوں سے رمضان سمیت سارا سال مستفید ہوا جا سکتا ہے۔

پہلا طریقہ

وزن میں اضافے سے بچنے کے لیے یہ چٹنی نہایت مفید ثابت ہوتی ہے، اس چٹنی کو بنانے سے قبل ہرا دھنیہ، پودینہ، ہری مرچیں، لہسن، ادرک اور لیموں کو اچھی طرح دھوئیں۔

ادرک اور لہسن کو چھیل لیں اور ہری مرچوں کو کاٹ لیں، ان تمام اجزا کو بلینڈر میں ڈال کر ساتھ ہی حسب ذائقہ دار چینی، انار دانہ، ہلدی، کالی مرچیں، زیرہ، لیموں کا رس، آدھا کٹا ہوا کھیرا اور تھوڑا سا پانی ڈال کر بلیڈ کر لیں۔

اب اسے روزانہ بغیر کسی نقصان کے استعمال کیا جا سکتا ہے، یہ چٹنی زودو ہضم اور معدے کی صحت کے لیے مفید اور وزن میں کمی کے لیے معاون ثابت ہوگی۔

دوسرا طریقہ

سبز مرچ حسب ضرورت، ادرک تقریباً ایک انچ کا ٹکڑا، ایک گٹھی پودینہ، پیاز ایک عدد، سرکہ حسب ذائقہ، چینی ایک چٹکی اور نمک حسب ضرورت۔

تمام اجزا ایک ساتھ ہی بلیڈر میں ڈال کر بلیڈ کر لیں، ایک باؤل میں نکال لیں، اس چٹنی میں دہی کا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

تیسرا طریقہ

لہسن کے جوے (چھلے ہوئے ) دس عدد، گول لال مرچی (دس عدد) نمک حسب ضرورت۔

تینوں چیزوں کو سل پر باریک پیس لیں یا گرائینڈ کر لیں، لہسن مرچ کی چٹنی روغنی نان یا بیسن کی روٹی کے ساتھ کھانے سے نزلہ زکام میں فائدہ ہوتا ہے، یہ نضام ہاضمہ کے لیے آزمودہ چٹنی ہے۔

چوتھا طریقہ

ہرا دھنیہ (ایک گٹھی)، پودینہ ( ایک گٹھی) ، ہری مرچیں حسبِ ذائقہ، مصری (ایک چھوٹا ٹکڑا)، سفید زیرہ دو کھانے کے چمچ، املی کا گودا آدھا کپ۔

ہرا دھنیہ ،پودینہ، مصری اور مرچیں اچھی طرح پیس لیں، اب اس میں سفید زیرہ اور املی کا پیسٹ بی شامل کرلیں، سموسوں اور پکوڑوں کے ساتھ نوش فرمائیں۔

پانچواں طریقہ

آلو بخارا (ایک پاؤ)، چینی (ایک پاؤ)، بادام کی گری دس عدد، کشمش ( آدھا چھٹانک)، لہسن (چار جوئے) ثابت مرچ (چار عدد) ، کلونجی ( ایک چائے کا چمچ) سفید سرکہ ڈیرڈھ پیالی، نمک حسب ضرورت، کالی مرچ ( آدھا چائے کا چمچ)۔

آلو بخاروں کو گرم پانی میں بھگودیں، نرم پڑجانے پر ہاتھوں سے اچھی طرح میش کر لیں، اب اس میں 1 پیالی املی کا پانی میں بنایا گیا گودا ملادیں، ایک مٹی کی ہانڈی میں املی، آلو بخارے، چینی یا گڑھ، ابلے بادام، باریک کٹی لہسن، 4 عدد ثابت لال مرچ، کلونجی اورسفید سرکہ ملا کر ہلکی آنچ پر پکالیں۔

چٹنی گاڑھی ہونے پر چولہے سے اتار لیں۔


چھٹا طریقہ 

ٹماٹر آدھا پاؤ، لال مرچ ثابت دو عدد،  نمک حسب ذائقہ، لہسن دو جوئے، ہری مرچ تین عدد۔

سب سے پہلے ٹماٹروں کو اچھی طرح دھو کر کاٹ لیں، پھر سِل پر یا بلیڈر میں لہسن، لال مرچ، ہری مرچ، نمک اور ٹماٹر ڈال کر پیس لیں۔

تازہ ترین