پشاور ( نمائندہ جنگ) پشاور میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی بھی متحرک ، شوال المکرم کا چاند دیکھنے کیلئے پشاور کی مقامی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج مسجد قاسم علی خان میں طلب کرلیا گیا۔
پشاور کی مقامی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی میں پشاور اور مضافات سے علماء کرام شرکت کریں گے ،اجلاس میں شوال المکرم کا چاند دیکھنے کی شرعی شہادتیں موصول ہونے کی صورت میں جمعرات کو عید الفطر کا اعلان کیا جائیگا۔
شہادتیں موصول نہ ہونے پر رمضان المبارک کے 30 دن پورے کئے جائیں گے اور جمعہ 14مئی کو عیدالفطر منانے کا اعلان کیا جائیگا،مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے تمام مسلمانوں سے سنت نبوی ؐ کی پیروی کرتے ہوئے عید الفطر کا چاند دیکھنے کا اہتمام کرنے کی اپیل کی ہے۔
دریں اثنا خیبرپختونخوا حکومت نے عیدالفطر کا چاند دیکھنے کے لئے صوبائی رویت ہلال کمیٹی خیبرپختونخوا کا اجلاس آج بدھ کو پشاور میں طلب کیا گیا ہے۔
صوبائی محکمہ اوقاف کے مطابق شوال المکرم 1442ہجری کا چاند دیکھنے کے لئے صوبائی رویت ہلال کمیٹی خیبرپختونخوا کا اجلاس آج بدھ 12مئی 29رمضان المبارک کو چیئرمین صوبائی رویت ہلال کمیٹی شیخ الحدیث مولانا احسان الحق کی زیر صدارت ایڈمنسٹریٹراوقات خیبرپختونخو اکے دفتر عیدگاہ چارسدہ روڈ پشاور میں ہوگا جہاں صوبے بھر سے چاند دیکھنے کی شہادتیں وصول کی جائیں گی۔