• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب سے بات چیت کی کوئی قیمت ادا نہیں کررہے، شاہ محمود قریشی

سعودی عرب سے بات چیت کی کوئی قیمت ادا نہیں کررہے، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ،سعودی عرب سے بات چیت کی کوئی قیمت ادانہیں کررہا‘پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہے، بھارت اس کے لئے کشمیر یوں کے تشخص کو مٹانے کے اقدامات واپس لے کر سازگار ماحول بنائے‘ مسئلہ فلسطین پر امت مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا،کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اس پر کوئی ابہام نہیں پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے۔ منگل کو وزارتِ خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ قبلہ ءاول مسجد اقصٰی میں جو بربریت ہو رہی ہے اس پر ہمیں گہری تشویش ہے،ترک وزیر خارجہ سعودی عرب میں سعودی حکام کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت کریں گے،پاکستان اس بربریت کی شدید مذمت کرتا ہے،کابل میں اسکول پر حملہ انتہائی قابل مذمت ہے،ہم افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ،ایران سے تعلقات میں ثالثی کی پیش کش کی ہے اسکی شروعات ہوئی ہیں،فاصلے ختم کرنے میں وقت لگے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے دفاع کا علم ہے اور وہ اس سے غافل نہیں رہ سکتا،سفارت کاری ایک مسلسل عمل ہے کوئی بٹن نہیں کہ اسے دبا کر ایک دم سب مسائل حل ہوجائیں،انہوں نے کہا کہ ایسے قیدی جو اپنی سزا مکمل کرچکے ہیں اور جرمانہ ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ان کی رہائی پر بات ہوئی،منشیات اور سنگین نوعیت کے قیدیوں کے بارے میں بات نہیں ہوئی،پاکستان بات چیت میں کوئی قیمت نہیں چکا رہا۔

تازہ ترین