پشاور(وقائع نگار) حکومت کی جانب سے رمضان المبار ک کے مہینے میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اعلانات کے باوجود پشاور شہر اور گردونواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں شہریوں کو معمولات زندگی میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر شہروں کی طرح صوبائی دارلحکومت پشاور اور گردو نواح میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیاہے اور دن رات مختلف اوقات میں شہر اور نواحی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔اگرچہ رمضان المبارک کے آغاز پر حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ماہ صیام میں اور بلخصوص سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائیگی لیکن حکومتی وعدوں کے باوجود پیسکو نے شہر اور مضافاتی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیاہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ چونکہ رمضان المبارک کے مہینے میں لوگوں کے معمولات زندگی تبدیلی اجاتی ہے اور اکثر لوگ راتیں جاگ کر عبادات میں گزارتے ہیں لیکن پیسکو نے دن کے علاوہ راتوں کو بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس کا رمضان المبارک کے مہینے میں کوئی جواز نہیں بنتا۔شہریوں نے مزید کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے اندرون شہر، گلبہار،سیٹھی ٹاون،سول کوارٹرسمیت کینٹ کے مختلف علاقوں کے علاوہ نواحی علاقے کے عوام شدید پریشان ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے اکثر علاقوں میں پانی کا بحران بھی معمول بن گیا ہے