• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 4 افراد قتل، سب انسپکٹر حادثے میں جاں بحق، حوالاتی بھی چل بسا

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں اڈیالہ جیل کے ایک حوالاتی اوراسلام آبادپولیس کے سب انسپکٹرسمیت 6افراد جان کی بازی ہارگئے ۔تھانہ صدربیرونی کے علاقہ گورکھ پورمیں فائرنگ کرکے ایک شخص کوقتل کردیا گیا، ایس ایچ اوتھانہ صدربیرونی انسپکٹرملک اللہ یارنے بتایاکہ گورکھ پورمیں مرغیوں کی دکان کرنے والے آفتاب کلیم کی بدھ کی صبح سعدسے لڑائی ہوئی اوربعدازاں سعداپنے بھائی حناد اوردیگرنامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ آیا اورفائرنگ کرکے آفتاب کوموت کے گھاٹ اتاردیا ۔تھانہ نصیرآبادکے علاقہ قاسم آباد میں فائرنگ کرکے 30سالہ شخص کوموت کے گھاٹ اتاردیا گیا۔ پولیس کے مطابق بدھ کی دوپہر 30سالہ افتخار ولد اشتیاق کوکوگردن میں گولی مارکرقتل کردیاگیا۔ ایس ایچ اونصیرآبادکامران کیانی نے بتایاکہ مقتول نشے کاعادی تھا اورگھریلوتنازع پراسے قتل کیاگیا، اس کے لواحقین نے ایک خاتون اورمردکونامزدکیاہے۔ تھانہ نصیرآبادکے علاقہ مصریال چوک میں الائیڈبنک کے قریب ایک شخص کوفائرنگ کرکے قتل کردیاگیا۔ ایس ایچ اوکامران کیانی نے بتایاکہ مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی جوبظاہرنشئی معلوم ہوتاہے اس کی نعش ہسپتال منتقل کردی گئی ہے ۔ تھانہ صدربیرونی کو چودھری وسیم نے بتایاکہ میں اپنے شو روم پر موجود تھا کہ اچانک سامنے میرے بھائی کے شوروم والی سائیڈ سے فائرنگ اور شو ر واویلا کی آواز سنائی دی تو میں دوڑ کر بھائی کے شوروم پر آیا تو بھائی ندیم احمد ریاض شوروم کے اندر صوفے پر خون میں لت پت پڑا تھا جبکہ پاس ہی کھڑے چودھری تنویر احمد نے بتلایا کہ وہ اور ندیم گپ شپ کر رہے تھے کہ شو روم کے باہر موٹر سائیکل آکر رکا ، دو موٹر سائیکل سوار لڑکے شو روم میں داخل ہوئے اور دونوں نے پسٹل نکال لئے ندیم نے انہیں دیکھ کر صوفے سے اٹھنے کی کوشش کی تو ایک لڑکے نے اس کے سر پر پسٹل کا بٹ مارا جس سے وہ صوفے پر بیٹھ گیا جبکہ دوسرے لڑکے نے مجھ پرپسٹل تان کر یرغمال بنا لیا اور میرے دیکھتے ہی دیکھتے دوسرے لڑکے نے چارپانچ فائر ندیم پر کئے جو اسے سر، بائیں بازو اور جسم کے مختلف حصول پر لگے جس سے سائل کا بھائی جاں بحق ہو گیا۔تھانہ نصیرآبادکے علاقہ ڈھوک حمیداں میں ٹریفک حادثہ میں اسلام آبادپولیس کاسب انسپکٹرجاں بحق ہوگیا ،ایس ایچ اونصیرآبادنے بتایاکہ تھانہ شالیمارمیں تعینات سب انسپکٹرمحمدارشدکارمیں جارہاتھاکہ ویگوڈالے نے اسے ٹکرماردی جس سے ارشدشدیدزخمی ہوکردم توڑگیا۔ادھرسینٹرل جیل اڈیالہ کاحوالاتی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال راولپنڈی میں دم توڑگیا،جیل ذرائع کے مطابق 40سالہ حضرت سیدسکنہ چارسدہ بوجہ علالت پانچ مئی کوہسپتال میں داخل ہواتھاجوگزشتہ روزانتقال کرگیا۔
تازہ ترین