سماجی اور معاشرتی مسائل پر ہمیشہ اپنی آواز بُلند کرنے والی سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا نے بالی ووڈ متنازع اداکارہ کنگنا رناوت کو اسرائیلی بربریت کی حمایت کرنے پر جھاڑ پلادی۔
اداکارہ کنگنا رناوت کی جانب سے گزشتہ دنوں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا استعمال کرتے ہوئے مسلمانوں کے خلا ف زہر اُگلا گیا تھا۔
کنگنا رناوت نے تمام مسلمانوں کو دہشت قرار دیتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں جاری بربریت کی بھی حمایت کی اور اسرائیل کو سپورٹ کرنے کے لیے استعمال کیے جانے والا ہیش ٹیگ کا بھی استعمال کیا تھا۔
کنگنا رناوت کی اس نفرت انگیز پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے شنیرا اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بالی ووڈ اداکارہ کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
شنیرا اکرم نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’بھارت میں کہیں بھی ایک چھوٹا سا ٹول باکس موجود ہے جس میں ایک چھوٹا اسکرو گُم ہوگیا ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’وہ اسکرو کنگنا رناوت کا ہے۔‘
شنیرا کے اس ٹوئٹ پر پاکستانیوں کی بڑی تعداد اُنہیں خوب سراہاتے ہوئے اُنہیں لیجنڈ قرار دے رہی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار منیب بٹ نے کنگنا رناوت کو کھری کھری سُنائی تھی۔
منیب بٹ نے کہا تھا کہ کنگنا رناوت کی جانب سے یہ سب صرف شہرت حاصل کرنے کے لیے کہا گیا ہے، یکے بعد دیگرے فلمیں فلاپ ہونے کے بعد کنگنا رناوت دماغی طور پر متاثر ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 109 ہوگئی ہے، شہداء میں 28 بچے اور 15 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 621 افراد زخمی ہیں۔ ہزاروں فلسطینیوں کے آشیانے ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔