• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوارا بھاسکر نے اسرائیل مخالف بیان دیکر بھارتیوں کے منہ بند کردیے


انسانیت پر ہونے والے مظالم پر ہمیشہ اپنی آواز بُلند کرنے والی بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے اسرائیل کے خلاف بیان دے کر بھارتیوں کے منہ بند کردیے۔

قابض اسرائیلی فوج کی دہشتگردی کا شکار فلسطینیوں کے حق میں آواز بُلند کرنے والی بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسرائیل کے خلاف ایسا پیغام دیا جسے دیکھ کر بھارتی غصے سے آگ بگولا ہوگئے۔

سوارا بھاسکر نے اپنے ٹوئٹ میں اسرائیل سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’اگر بھارت میں ہندوتوا (India Right Wing) کا نعرہ لگانے والے افراد آپ کو سپورٹ کررہے ہیں تو آپ یہ جان لیں کہ آپ فلسطینیوں کے ساتھ جو کررہے ہیں وہ غلط ہے۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے لکھا کہ ’صرف غلط نہیں بلکہ بہت زیادہ غلط ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ FreePalestine کا بھی استعمال کیا۔

سوارا بھاسکر کے اس پیغام کے بعد بھارتیوں کی جانب سے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ نے بھارت میں ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز کا اسکرین شاٹ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا جس میں اداکارہ کا نام بھی شامل تھا۔

اُنہوں نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’بھارتیوں کی جانب سے مجھے ٹرول کرنے کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔‘

 واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی فوج نے وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں حماس کے سینئر کمانڈر محمد عبدالله فياض بھی شامل ہے۔ پیر کے روز غزہ پٹی پر اسرائیلی فوج نے فضائی بمباری اور زمینی گولہ باری کی۔

تازہ ترین