سکھر میں 12 مئی کی رات پولیس کا ڈاکوئوں کے ساتھ ہونے والا مقابلہ مشکوک ہوگیا، مبینہ مقابلے میں ہلاک ملزم کو شہریوں نے واردات کے دوران پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کیا تھا، اہل علاقہ کے ملزم پر تشدد کی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔
سکھر پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ 12 مئی کی رات واردات کی نیت سے کھڑے ڈاکوئوں کے ساتھ پولیس کا مقابلہ ہوا ہے جس میں پولیس کی فائرنگ سے ڈاکو بھورو جتوئی ہلاک ہوا ہے۔
ملزم پر ضلع کے مختلف تھانوں میں چوری،ڈکیتی،پولیس مقابلے کے 7 مقدمات درج تھے اور وہ پولیس کو مطلوب تھا، تاہم اب ایک فوٹیج منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم بھورو جتوئی کو تماچانی کے اہل علاقہ نے واردات کے دوران پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کیا تھا۔
دوسری جانب پولیس حکام نے اب تک اس واقعے پر اپنا موقف نہیں دیا ہے۔