• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اربوں کے اسکینڈل پر ”مٹی پاؤ“ رپورٹ تیارکی گئی، عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بزدار حکومت نے اربوں روپےکےاسکینڈل پر”مٹی پاؤ“رپورٹ تیارکی۔

مسلم لیگ نون نے راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی انکوائری رپورٹ مسترد کر دی ، اس بات کا اظہار ایک بیان کے ذریعے مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق کمشنر راولپنڈی اور لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر کو ذمے دار قرار دینا شرم ناک ہے، 3 ارب روپے کی مبینہ کرپشن میں سرکاری افسران کو قربانی کا بکرا بنایا گیا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل میں 3 ارب سے زائد کی کرپشن ہوئی ہے، منصوبے کی انکوائری چیف سیکریٹری نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل نیب کیس ہے، کیس نیب کو بھیجا جائے، عثمان بزدار اور ان کے حواریوں کے خلاف کیس چلایا جائے۔

ترجمان نون لیگ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کی ناک کے نیچے کرپشن کے تانے بانے وزیرِ اعظم ہاؤس سے ملتے ہیں، زمین جیسے خریدی اور سلمان شاہ نے اس کی منظوری دی کیا وزیرِ اعظم کو اس کا علم نہیں؟

عظمیٰ بخاری کا یہ بھی کہنا ہے کہ سڑک ان علاقوں سے گزارنے کا منصوبہ بنایا گیا جہاں عمران خان کے دوست و مشیر رہتے ہیں۔

تازہ ترین