موسم قدرے بہتر ہونے کے سبب فرانس سے سمندر کے راستے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے غیرقانونی طور پر برطانیہ آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے اور رواں ماہ کے ابتدائی چار دنوں میں ایک ہزار سے زائد تارکین وطن انگلش چینل کے راستے برطانیہ پہنچے۔
گزشتہ چار دنوں میں ایک ہزار 168 تارکین وطن کی آمد کے ساتھ رواں برس سمندر کے راستے آنے والوں کی مجموعی تعداد تین ہزار 224 تک جاپہنچی ہے۔
رواں برس صرف چار دنوں میں ایک ہزار سے زائد افراد کا آنا ایک ریکارڈ بھی ہے اور گزشتہ برس اسی عرصہ کی نسبت یہ تعداد 8 فیصد زائد ہے۔
رواں برس اب تک ایک دن میں 592 افراد کے آنے کا ریکارڈ ہے جو 2 مارچ کو 11 کشتیوں کے ذریعے برطانیہ آئے تھے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق منگل کو بھی چھ کشتیوں میں 326 افراد برطانیہ پہنچے، ہوم سیکریٹری یوویٹ کوپر نے گزشتہ ہفتہ ہی غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کو روکنے کےلیے فرانس کا دورہ کیا تھا۔
برطانوی حکومت نئے بارڈر سیکیورٹی، اسائلم اور امیگریشن بل میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدامات بھی متعارف کروارہی ہے۔
ہوم آفس کے ترجمان نے کہا کہ ہم سب چھوٹی کشتیوں کے ذریعے خطرناک سفر کی راہ کو ختم کرنا چاہتے ہیں اس سے انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالا جاتا ہے اور ہماری بارڈر سیکیورٹی بھی متاثر ہوتی ہے۔