شیخوپورہ،بدوملہی( نیٹ نیوز،نامہ نگار)خانقاہ ڈوگراں میں مسافروین نہر میں گرنے سے 7 بچوں سمیت 11 جاں بحق ہوگئے جبکہ نارووال میں بھی 3بچے جان سے گئے دونوں حادثات تیز رفتاری کے باعث پیش آئے، پولیس نے کار ڈرائیور سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا،نعشیں ا سپتال منتقل کردی گئیں۔ خانقاہ ڈوگراں گوجرانوالا روڈ پر حفاظتی جنگلا نہ ہونے کے باعث وین نہر میں گر گئی جس کے باعث 7 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔ خانقاہ ڈوگراں کا تاجر یونس اپنی فیملی کے ساتھ وین میں جارہا تھا۔ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 7 بچوں سمیت خواتین بھی شامل ہیں۔جاں بحق ہونے والوں میں 13 سالہ ہریرہ ، 11 سالہ سعد ، 9 سالہ حسن ، 6 سالہ حسین، چاند، افضل، 40 سالہ سعدیہ زوجہ افضل ، 70 سالہ منور بی بی ، 35 سالہ مدیحہ اور 12 سالہ سبحان شامل ہیں۔دوسرے حادثہ میں نارووال کے قریب گائوں مسلمانیاں میں تیز رفتار کار نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے باعث 3 کمسن بہن بھائی جاں بحق ہو گئےجبکہ ایک چھوٹا بچہ شد یدزخمی ہوا ۔ بچوں کی نعشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال نارووال میں منتقل کردی گئیں۔ مرنیوالوں میں دو سگے بھائی 8 سالہ رومان 13 سالہ صہیب اور 14 سالہ خالہ زاد بہن آمنہ شامل ہیں۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارکے ڈرائیور سمیت 4 ملزمان کو پکڑ کر تھانہ صدرنارووال منتقل کردیا۔