چھوٹے پردے سے بڑے پردے تک اپنی پہچان بنانے والی معروف بھارتی اداکارہ حنا خان نے عیدالفطر کے خاص موقع پر پاکستانی ڈیزائنر کا انتخاب کرکے سب کے دل جیت لیے۔
حنا خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر عید کی اپنی دلکش تصویریں شیئر کی ہیں جن میں اُنہوں نے سیاہ رنگ کا خوبصورت لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویروں میں حنا خان ہمیشہ کی طرح بہت حسین لگ رہی ہیں جبکہ اُن کی مُسکراہٹ اُن کی خوبصورتی میں مزید چار چاند لگا رہی ہے۔
بھارتی اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں بتایا کہ ’اُنہوں نے پاکستانی ڈیزائنر مریم حسین کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔‘
اُنہوں نے کیپشن میں دل والے ایموجی کا بھی اضافہ کیا جبکہ اداکارہ کی تصویروں پر چند ہی گھنٹوں میں 5 لاکھ سے زائد لائکس بھی آچکے ہیں۔
حنا خان کی ان تصاویر کو ناصرف بھارت بلکہ پاکستان کے مختلف سوشل میڈیا پیچز پر بھی بڑی تعداد میں شیئر کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حنا خان کے والد دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے، حنا خان جو کام کے سلسلے میں کشمیر میں تھیں والد کے انتقال کی خبر سن کر ممبئی روانہ ہو گئی تھیں۔
حنا خان اپنے والد کے کافی قریب تھیں، وہ اکثر سوشل میڈیا پر بھی اپنے والد کے ساتھ خاص لمحوں کو شیئر کرتی رہتی تھیں۔