شیخوپورہ (نمائندہ جنگ سے) شیخوپورہ میں ( ن) لیگ کے گرفتاررہنماء میاں جاوید لطیف کے گھر جانے والے جلوس کا سٹی اے ڈویژن پولیس نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ چوہدری محمد اصغر جوئیہ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر مقدمہ درج کر لیا ، یہ مقدمہ ریونیو آفیسر اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ محمد ارشد شاہین کی مدعیت میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے کے الزام کی بناء پر زیر دفعہ 269 / 270 ت پ اور پنجاب انفلیشن ڈیزیزز پریونیٹو اینڈ کنٹرول ایکٹ 6-2020 اور 7-2020 کے تحت درج کیا گیا جس میں بلا اجازت جلوس نکالنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کرنے کا الزام میاں جاوید لطیف کے بیٹے میاں حسن جاوید ،2 بھائیوں سابق چیئرمین بلدیہ میاں امجد لطیف ،میاں منور لطیف، صدر نواز لیگ شیخوپورہ میاں منور اقبال اور انجمن تاجران کے عہدیداروں ملک پرویز اقبال شیخ محمد یعقوب شیخ عظیم جاوید اور میاں احسان عرف شانی سمیت لا تعداد کارکنوں پر عائد کیا گیا ہے ،ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ ان افراد نے لاک ڈاؤن اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کر کے جلوس نکال کر جرم کا ارتکاب کیا ہے۔