پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا اعلان توہین عدالت کا باضابطہ حکومتی اعتراف ہے۔
مریم اورنگزیب نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عید کے بعد پہلے ورکنگ ڈے پر پہلےگھنٹے میں شہباز شریف صاحب کا نام ای سی ایل میں شامل کرایا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ، وزیراطلاعات کی ایک گھنٹے میں 2 پریس کانفرنسز، یہ ہے شہباز شریف کا خوف۔
انہوں نے مزید کہا کہ عید کی چھٹیوں میں عمران صاحب کو غریب کی یاد آئی، عمران صاحب کے لیے سب سے ضروری شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا تھا، عمران صاحب سیاسی انتقام میں اندھے ہوچکے ہیں، انہیں عوام کے مسائل کی کوئی پرواہ نہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کوعید کے دن دفتر خارجہ کھلوا کر فلسطین پر قرار داد تیار کرانے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب کو عید کے دن وزرات خزانہ کھلوا کر عوام کو ریلیف دلانے کی توفیق نہ ہوئی۔