راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی نے فلسطین کے نہتےشہریوں پر اسرائیلی بمباری اور وحشیانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری نوٹس لینے اور اسرائیل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار صدر ہائی کورٹ بار راولپنڈی سردار عبدالرازق خان نے ہائیکورٹ بار کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے میں کہا کہ اسرائیل نے نہتے شہریوں معصوم بچوں، بزرگوں پر یلغار کرکے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے اور یہ جرائم مسلسل جاری ہیں مگر بدقسمتی سے امریکہ اور عالمی طاقتیں اسرائیل کو وحشیانہ کارروائیوں سے روکنے کی بجائے اس کی پشت پناہی کررہی ہیں ۔انہوں نے اقوام متحدہ، یورپی یونین ، او آئی سی اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں پر مظالم کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسرائیل کے خلاف کارروائی کریں اور اسے معصوم شہریوں پر بربریت سے روکیں۔