• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کی صحت کے تحفظ کیلئےہیلتھ لیوی بل فوری نافذ کیا جائے، پناہ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) پاکستان نیشنل ہارٹس ایسوسی ایشن (پناہ) کے صدر میجر جنرل (ر) مسعود الرحمان کیانی اور جنرل سیکرٹری ثناء اللہ گھمن پر مشتمل وفد نے سابق وزیراعظم و سینٹ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر میجر جنرل (ر) مسعود الرحمان کیانی نے بتایا کہ پناہ گزشتہ 36سال سے دل کے امراض سے بچائو کیلئے کام کر رہی ہے۔ صحت کو نقصان پہنچانے والے عوامل جیسے تمباکو، میٹھے مشروبات، نمک، چکنائی کے استعمال میں خطرناک حد تک بتدریج اضافہ جاری ہے۔ ہمیں نوجوان نسل خصوصاً بچوں‘ بچیوں اور بڑھتی عمر کے افراد کو محفوظ بنانے کیلئے کام کرنا ہو گا۔ پناہ کے جنرل سیکرٹری ثناء اللہ گھمن نے کہا کہ تمباکو اور میٹھے مشروبات جیسی غیر ضروری چیزوں کے استعمال کو کم کرنے کیلئے پناہ کی کوشش سے 2سال قبل ہیلتھ لیوی بل وفاقی کابینہ سے منظور ہوا، اور ایف بی آر کو اسے بجٹ میں شامل کرنے کیلئے کہا گیا، لیکن تاحال یہ نافذ العمل نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ذمہ داران اسکے فوری نفاذ کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ قائد حزب اختلاف سینٹ یوسف رضا گیلانی نے دل کے امراض میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحتمند معاشرہ کے بغیر ترقی کا حصول ممکن نہیں۔ تمباکو نوشی‘ مرغن کھانے اور میٹھے مشروبات صحت کیلئے کسی طور بھی فائدہ مند نہیں اور جب بات قوم کی نوجوان نسل تک جا پہنچے تو پھر اس کا فوری سدباب کرنا حکومت کی ذمہ داری میں شامل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے تنظیم کی کاوشوں کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس نیک مقصد میں ساتھ ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے یقین دلایا کہ ہیلتھ لیوی بل کے نفاذ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا جائیگا۔
تازہ ترین