• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوری چھپانے، مجرموں کو بچانے کا معاملہ نہیں چلے گا، شاہد خاقان


مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ چوری چھپانے اور مجرموں کو بچانے کا معاملہ نہیں چلے گا، جو وزیر پریس کانفرنس کرتے ہیں وہ بتائیں ان کا نیب سے کیا تعلق ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت جاتے ہی یہ وزیر پہلی رات جہاز سے بھاگ جائیں گے، یہ لوگ پیسے بنانے آئے ہیں، کوئی شخص ایسا نہیں جو پیسہ نہ بنا رہا ہو، نیب چیئرمین کو بھی جواب دینا ہوگا۔

رہنما نون لیگ نے کہاکہ نیب پراسیکیوٹرکے مطابق شہبازشریف کیخلاف ناجائزپیسے سے جائیداد بنانے کا کیس نہیں،3 سال سے معلوم نہیں شہبازشریف کا جرم کیا ہے، وہ 15 مہینے جیل کاٹ چکے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ چینی کی خرد برد میں 6 سو ارب کی کرپشن ہوئی، آج تک نہ پتہ چلا، ہر وزیر پر کرپشن کے مقدمات ہیں، اب رنگ روڈ میں کرپشن آگئی ہے، اب پھررپورٹ بنے گی، باتیں ہوں گی، اس حکومت کا کوئی آدمی آج تک گرفتار نہ ہوا۔

انہوں نے کہاکہ اسپیشل اسسٹنٹ نے استعفیٰ کیوں دیا، اس کا توحکومتی محکمے کیساتھ تعلق ہی نہیں ہوتا۔

شاہد خاقان نے بتایا کہ احتساب عدالت میں کیس چل رہے ہیں، کوئی کرپشن کا الزام نہیں، پھر بھی سب جیل کاٹ چکے ہیں۔

تازہ ترین