اسلام آباد(مانیٹرنگ سیل،ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہاہے کہ شکیل آفریدی پاکستانی ہے کسی کو ہمیں ڈکٹیٹ کرنے کی حق نہیں ہے ،ان کافیصلہ پاکستانی عدالتوں نے کرناہے ۔جیو نیوز کے مطابق چو ہد ری نثار نے امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے انٹرویو پر رد عمل دیتے ہوئے کہاہے کہ شکیل آفریدی کی قسمت کا فیصلہ ڈونلڈ ٹرمپ نے نہیں کرناہے ،ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدر بننے کے بعد بھی یہ فیصلہ کرنے کے مجاز نہیں ہیں ۔ ڈونلڈٹرمپ یاد رکھیں پاکستان امریکا کی کوئی کالونی نہیں ہے ،آپ سیکھیں خود مختار ریاست کے ساتھ کیسے پیش آیا جاتاہے۔ شکیل آفریدی کے مستقبل کا فیصلہ پاکستانی عدالتوں نے کرنا ہے نہ کہ کسی امریکی صدارتی امیدوار نے ۔ شکیل آفریدی پاکستانی شہری ہے اور کسی دوسرے کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اس کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کئی سالوں سے امریکی پالیسیوں کی حمایت یا تعاون کرنے کے دوران پاکستان اور اس کی عوام کی طرف سے دی گئی قربانیوں کی تاریخ سے نابلد لگتے ہیں۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے مقامی میڈیا کو انٹریو کے دوران کہاتھا کہ وہ صدر بن گئے تو شکیل آفریدی کو رہا کروا دیں گے ۔