وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے وزرائے خارجہ کے اعزاز میں نیویارک میں عشائیے کا اہتمام کیا ہے۔
وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی جانب سے وزرائے خارجہ کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام پاکستانی سفارت خانے میں کیا گیا جس میں جنرل اسمبلی کے صدر والکربوزکر نے بھی شرکت کی۔
عشائیے میں ترکی، فلسطین، تیونس کے وزرائے خارجہ کے علاوہ او آئی سی ممالک کے اقوامِ متحدہ میں مستقل مندوبین نے بھی شرکت کی۔
پاکستان کے اقوامِ متحدہ میں مندوب منیر اکرم اور امریکا میں سفیر اسد مجید خان بھی عشائیے میں موجود تھے۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے استقبالیہ خطاب میں نہتے فلسطینیوں پر ڈھائی جانےوالی بربریت کا ذکر کیا۔
انہوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور امن و امان کو درپیش خطرات کا حوالہ بھی دیا۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے انسانی المیے کے تدارک کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا اور فلسطین میں قیامِ امن سے متعلق پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔
عشائیے میں یو این جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور عالمی برادری کی توجہ فلسطین کی صورتِ حال کی جانب مبذول کروانے کیلئے تفصیلی مشاورت بھی کی گئی۔