بالی ووڈ اداکار ارجن کپور نے کہا ہے کہ جب ان کے والد بونی کپور نے سری دیوی سے شادی کی خاطر میری ماں کو چھوڑا تو میں اس بات سے خوش نہیں تھا، لیکن اب میں اس بات کو سمجھ سکتا ہوں۔
یاد رہے کہ بونی کپور کی پہلی شادی مونا شوری سے ہوئی تھی جو کہ ارجن کپور کی والدہ ہیں۔ تاہم بعد میں وہ سری دیوی کی جانب راغب ہوئے اور ان سے شادی کرلی۔
ایک انٹرویو میں ارجن کپور نے کہا کہ وہ اپنی پرورش کے حوالے سے اپنی والدہ کی تعریف کیے بغیر نہیں رہیں گے، تاہم جب 2018 میں سری دیوی کا انتقال ہوا تو دکھ کی اس گھڑی میں، میں نے اپنے والد کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی اداکار کا کہنا ہے کہ والد کے ساتھ اپنے تعلق کو دوبارہ استوار کیا اور اپنی سوتیلی بہنوں جہانوی اور خوشی کو بھائی کا پیار دیا۔