• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پورا پاکستان فلسطینیوں کی زبان، ریلیاں، مظاہرے، حکومتی و اپوزیشن پارلیمانی لیڈروں کا اقوام متحدہ کے دفتر تک مارچ

پورا پاکستان فلسطینیوں کی زبان


کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور (نمائندگان جنگ، ایجنسیاں) پورا پاکستان فلسطینیوں کی زبان بن گیا،شہرشہر ریلیاں،گلی گلی مظاہرے ،حکومتی و اپوزیشن پارلیمانی لیڈروں کا اقوام متحدہ کے دفتر تک مارچ، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نےارکان کی قیادت کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے ہمراہ قومی اسمبلی سے منظور شدہ متفقہ قرارداداقوام متحدہ کے دفترمیں جمع کرائی۔ 

کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاہور،اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ ،آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت پورا ملک جمعے کو ’’لبیک یا غزہ‘‘کے نعروں سے گونجتا رہا، جمعہ کے خطبات میں بھی القدس پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی ، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ مسئلہ فلسطین پر دنیا بھرمیں رائے عامہ تبدیل ہوگئی ،مغرب میں اسرائیل کیخلاف آوازیں اٹھ رہیں، وزیراعظم نے بھرپوراظہاریکجہتی پر قوم کوخراج تحسین پیش کیا۔ 

اسپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرنے کہا کہ مسئلہ کے حل کیلئے امہ کومتحدہوناہوگا،اپوزیشن لیڈرشہبازشریف نے کہاکہ مسئلہ حل کئے بغیردنیا میں امن نہیں آئیگا،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اظہاریکجہتی کیلئے فلسطینی سفارتخانے گئے۔

کراچی میں بھی سیاسی و مذہبی جماعتوں، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے تحت اجتماعات بھی منعقد کیے گئے،اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالم اسلام ظالم صہیونیوں کوسبق سکھائے، لال حویلی میں عوامی اجتماع سے خطاب میں وزیر داخلہ شیخ رشید نےکہاکہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین جلد حل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں حکومت اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ نے فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی سے متعلق قومی اسمبلی سے منظور شدہ قرارداد اقوام متحدہ کے دفتر میں جمع کرا دی۔ اراکین پارلیمنٹ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی زیر قیادت ریلی نکالی اور وفد کی شکل میں پارلیمنٹ ہاؤس سے اقوام متحدہ کے دفتر پہنچے۔ 

ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری بھی اپوزیشن اراکین کے ہمراہ تھے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی سے متعلق قومی اسمبلی سے منظور شدہ قرارداد بھی اقوام متحدہ کے دفتر میں جمع کرائی۔ 

وزیراعظم عمران خان نے اپنے ویڈیوپیغام میں کہا کہ جب سے اسرائیل بنا پاکستان کا ایک ہی موقف رہا ہے اور وہ ہے کہ فلسطینیوں سے ناانصافی ہوئی ہے۔ 

وزیراعظم نے یوم یکجہتی فلسطین پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسرائیلی جارحیت کی خبر 27 رمضان المبارک کو مسجد نبوی میں ملی، فلسطینیوں پر نماز کے دوران حملہ کیا گیا، اسرائیلی بربریت کی وجہ سے درجنوں فلسطینیوں کو شہید کیا گیا، غزہ پر نہتے فلسطینیوں پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں معصوم بچے اورخواتین شہید اور زخمی ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قوم کو فلسطینیوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فلسطینیوں پر جو ظلم ہوا اس پر ہمیں آواز اٹھانی چاہیے، مسلم ممالک کے سربراہوں سے فلسطینیوں کی مدد کیلئے رابطے کیے اور وزیرخارجہ کو بھی کہا کہ اس معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ نے جنرل اسمبلی میں پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا، پہلی بار ہوا ہے کہ مغرب میں اسرائیل کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، سوشل میڈیا کی وجہ سے فلسطین سے متعلق دنیا کی رائے عامہ تبدیل ہو رہی ہے۔

ایک دن آئے گا جب فلسطینیوں کو ان کا حق ملے گا۔اقوام متحدہ کے دفتر کے باہرگفتگوکرتے ہوئے شہبازشریف نے کہافلسطین اور کشمیر میں کئی دہائیوں سے خون کی ندیاں بہہ رہی ہیں،مسائل حل نہ ہوئے تو دنیا میں کبھی امن نہیں آئیگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطین اورکشمیر کا مسئلہ حل کیا جائے،اقوام متحدہ فلسطین کے حوالے سے جلد قراردادوں پر عملدرآمد کرائے۔

ارکان اسمبلی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر قیادت فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ریلی نکالی۔ شرکاء نے پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کیا اور اسرائیل مخالف نعرے بازی کی،ارکانِ پارلیمنٹ نے پاکستان، فلسطین اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ شرکا نے ہاتھ میں فلسطینی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔

اس موقع پر سینیٹ میں قائدِ ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم سمیت بڑی تعداد میں ارکانِ قومی اسمبلی اور سینیٹ نے شرکت کی۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل پارلیمنٹ اور پوری قوم کی آواز بن چکا ہے اور پوری پارلیمنٹ اس معاملے پر حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ امریکا سے قبل متفقہ قرار داد منظور کی، اس وقت پوری مسئلہ امہ اور او آئی سی کو متحد ہونا ہوگا اور فلسطین اور کشمیر کیلئے اب ہمیں اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔

اسد قیصر نے کہاکہ اس وقت پوری قوم کو یکجہتی کی ضرورت ہے، جنگ بندی کا اعلان خوش آئند ہے تاہم اسرائیل جو جنگی جرائم کر رہا ہے، دنیا کو اس پر سنجیدہ فیصلے کرنے ہوں گے۔

چیئرمین سینیٹ وفد کے ساتھ فلسطینی سفارت خانے گئے۔ دوسری جانب اسرائیلی جارحیت کیخلاف ملک کے کونے کونے میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے تحت اجتماعات بھی منعقد کیے گئے۔

کراچی میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے تشدد کیخلاف عوام کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی، شہریوں نے فلسطین کے حق میں بینرز بھی اٹھا رکھے تھے اور نعرے بھی لگائے۔ مختلف تنظیموں اور سول سوسائٹی کے تحت نکلنے والی ریلیاں مختلف علاقوں سے شروع ہوکر پریس کلب پر جمع ہوگئیں۔

پشاور میں بھی بڑا عوامی اجتماع ہوا اور جمعیت علمائے اسلام کے تحت احتجاجی مظاہرے میں عوام نے بھر پور شرکت کی جبکہ لاہور میں بھی تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور مختلف اداروں کے تحت الگ الگ ریلیاں نکالی گئیں۔ 

تازہ ترین