کراچی میں 22 مئی 2020 کو حادثے کا شکار ہونے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 میں جاں بحق ہونے والی معروف ماڈل زارا عابد کی پہلی برسی پر اداکارہ عائشہ عُمر نے اُنہیں یاد کرلیا۔
عائشہ عُمر نے ماڈل زارا عابد کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خصوصی اسٹوری شیئر کی۔
اداکارہ نے اپنی انسٹا اسٹوری میں سوشل میڈیا پیچ کی ایک خبر کا اسکرین شارٹ شیئر کیا جس میں لکھا تھا کہ ’آج زارا عابد کو ہم سے بچھڑے ایک سال مکمل ہوگیا ہے۔‘
عائشہ عُمر نے خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’زارا کو اپنی دُعائیں میں یاد رکھیں۔‘
اُنہوں نے اپنی اسٹوری کے کیپشن میں ٹوٹے ہوئے دل والے ایموجی کا بھی اضافہ کیا جسے دیکھ کر واضح ہورہا ہے کہ وہ اپنی دوست و ماڈل زارا عابد کو بہت یاد کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 99 افراد سوار تھے۔ محکمہ صحت سندھ کے حکام نے بتایا کہ 2 مسافر محمد زبیر اور ظفر مسعود حادثے میں معجزاتی طور پر بچ گئے جبکہ 97 کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی تھی۔
زارا عابد پاکستان فیشن انڈسٹری میں تیزی سے اُوپر کی جانب جارہی تھیں اور گزشتہ سال انہوں نے ہم اسٹائل ایوارڈز میں بہترین فیمیل ماڈل کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔
انہوں نے انڈسٹری کے معروف ڈیزائنرز کے ساتھ کام کیا اور کیرئیر کا آغاز ثنا سفیناز کے ساتھ کیا جبکہ بہت جلد وہ عظیم سجاد کی فلم چوہدری سے بڑی اسکرین پر بھی ڈیبیو کرنے والی تھیں۔