• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن: ’نذر پاکستان‘ مشاعرہ، یوم آزادی کا شاندار جشن

— تصویر بشکریہ رپورٹر
— تصویر بشکریہ رپورٹر

لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن اور بزم سخن برطانیہ کے اشتراک سے ’نذر پاکستان‘ یوم آزادی مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔

یہ مشاعرہ پاکستان کی قومی روح کا شاندار مظہر تھا، جس میں معرکۂ حق اور کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

اس پروگرام میں برطانیہ، یورپ اور پاکستان کے ممتاز شعرا نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد ناصرف یوم آزادی منانا تھا بلکہ پاکستانی مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہنا اور کمیونٹی میں فخر و اتحاد کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔

برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر ایم فیصل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور ایسے ادبی اجتماعات کو پاکستانی کمیونٹی کے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ 

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ادبی سرگرمیوں میں حصہ لیں تاکہ اردو زبان اور اپنی ثقافتی جڑوں سے مضبوط تعلق قائم رکھا جا سکے۔

تقریب کی صدارت پروفیسر عقیل دانش نے کی جبکہ نظامت کے فرائض سہیل ضرار خالص نے انجام دیے۔ 

اس موقع پر محترمہ خالدہ عظمیٰ، ناصر علی سید، ڈاکٹر سعادت سعید اور سید سلمان گیلانی سمیت کئی ممتاز شخصیات شریک ہوئے۔

دردانہ انصاری، مزدتر اعوان کمی اور دیگر شعرا جن میں ڈنمارک اور شیفیلڈ سے آئے شعرا بھی شامل تھے نے اپنے کلام پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ یہ مشاعرہ ناصرف تخلیقی صلاحیتوں کا جشن تھا بلکہ ثقافتی تبادلے اور کمیونٹی یکجہتی کا بھرپور اظہار بھی تھا۔

اس موقع پر منتظمین اور مختلف مصنفین نے پاکستان سے متعلق اپنے کلام پر مبنی تصنیفات تحفتہ" پیش کیں

برطانیہ و یورپ سے مزید