امیر جماعت پاکستان سراج الحق نے کہا کہ پوری دنیا فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے، القدس کی آزادی تک جنگ جاری رہے گی، اقصیٰ مسجد میں یہودی فوجوں نے ہمارے بھائیوں پر تشدد کیا، او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے اور اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کیا جائے۔
کراچی میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی نے ریلی کا انعقاد کیا۔
شارع فیصل پر جماعت اسلامی کی فلسطین ریلی میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مسجد اقصیٰ میں یہودی فوجوں نے ہمارے بھائیوں پر تشدد کیا، تین سو لوگ شہید ہوگئے، ہزاروں زخمی ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ادارے صرف قرارداد پیش کرتے ہیں، قرارداد سے فلسطین آزاد نہیں ہوگا، بیت المقدس کی آزادی کے جدوجہد جاری رہے گی۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے درندگی کا مظاہرہ کیا، معصوم بچوں کو شہید کیا جب عوام نے احتجاج کیا تو حکمرانوں کو ہوش آیا۔
حافظ نعیم نے مزید کہا کہ جنگ بندی حماس کی فتح ہے، امت مسلمہ کی فتح ہے۔
ریلی سے حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے بھی وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔
انہوں نے اہلیان کراچی اور جماعت اسلامی کو خراج تحسینِ پیش کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاکستان حکومتی سطح پر مسئلہ فلسطین کے مؤقف کو آگے بڑھاتا رہے گا۔