کراچی کے علاقے شریف آباد میں کورونا وائرس کے باعث عائد پابندی کے باوجود شادی کی تقریب منعقد کرنے پر دلہن کے بھائی سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق شریف آباد میں کے ڈی اے فلیٹس میں قناعتیں اور کرسیاں لگا کر شادی کی تقریب کی جا رہی تھی۔
دلہن والوں نے تقریب میں 200 کے قریب افراد کا انتظام کیا تھا۔
حکومتِ سندھ کی جاری کردہ کورونا وائرس کی ایس او پیز کے مطابق صوبے بھر میں شادی بیاہ کی تقریبات پر پابندی ہے۔
ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے کا مقدمہ شریف آباد تھانے میں سرکاری مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔
کارروائی کے دوران دلہن کے بھائی سمیت 3 افراد کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا۔