پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت غیر قانونی طور پر سندھ میں پانی کی ترسیل میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری ناصرشاہ اور کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے ملاقات کی۔ جبکہ بلاول بھٹو زرداری سے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے بھی بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے ناصر شاہ، سعید غنی اور عبدالقادر پٹیل سے مقامی حکومتوں کے معاملے پر بات چیت کی۔ اس موقع پر انھیں شہر قائد میں پانی کی قلت کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
جس کے بعد انھوں نے پارٹی رہنمائوں کو مسائل کے حل کی کوششوں میں تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انھوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت غیر قانونی طور پر سندھ میں پانی کی ترسیل میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کراچی کے باسی عمران خان کے سندھ کے حصے کا پانی روکنے کے جرم کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔