حال ہی میں ماں بننے والی پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و شاعرہ یاسرہ رضوی نے اپنے نومولود بیٹے کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
یاسرہ رضوی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک خوبصورت تصویر شیئر کی ہے جس میں اُنہوں نے اپنے نومولود بیٹے کو گود میں لیا ہوا ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں یاسرہ رضوی کا بیٹا بڑے ہی سکون سے اپنی والدہ کی گود میں سو رہا ہے۔
یاسرہ رضوی نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’پھر وقت کا پہیہ گھوما ہے، قسمت نے آکر چُوما ہے۔‘
اداکارہ نے اپنے دوستوں اور مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’مبارکباد اور دُعاؤں کے لیے آپ کا بےحد شکریہ۔‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’ہمیشہ دُعاؤں میں یاد رکھیے گا۔‘
یاسرہ رضوی کی پوسٹ پر اُن کے مداح اور شوبز ستاروں کی بڑی تعداد اُنہیں بیٹے کی پیدائش پر مبارکباد پیش کررہی ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ 22 مئی کی صبح یاسرہ رضوی کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کی اطلاع اُنہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے دی تھی۔
دوسری جانب گزشتہ ماہ یہ خبر سامنے آئی تھی کہ یاسرہ رضوی کے ہاں جلد ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔
یاد رہے کہ سال 2020 میں یاسرہ اپنے سے 10 برس چھوٹے عبدالہادی سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔
یاسرہ رضوی نے پاکستان کے کئی نامور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں داغ، من کے موتی، مجازی خدا اور ڈنک وغیرہ شامل ہیں۔
انہوں نے کامیاب پاکستانی فلم منٹو میں بھی کام کیا۔