• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیلانی کی انٹراکورٹ اپیل کی سماعت یکم جون تک ملتوی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ مسترد کرنے کے خلاف سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کی انٹراکورٹ اپیل کی سماعت یکم جون تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کیس کی سماعت کی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے وکیل علی ظفر جبکہ یوسف رضا گیلانی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ سنگل بینچ نے چیئرمین سینیٹ الیکشن کے خلاف درخواست مسترد کی، سنگل بینچ نے قرار دیا کہ سینیٹ الیکشن پارلیمان کی اندرونی کارروائی ہے، سنگل بینچ نے فیصلہ دیا کہ متبادل فورم موجود ہے لیکن یہ نہیں لکھا کہ وہ متبادل فورم کون سا ہے؟ یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں امیدوار تھے، سیکریٹری سینیٹ نے کہا کہ خانے کے اندر امیدوار کے نام پر لگی مہر بھی درست تصور ہو گی۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ سیکریٹری سینیٹ اور آپ کے درمیان جو گفتگو ہوئی اس کی تصدیق تو نہیں ہو سکتی۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ الیکشن میں 7 ووٹ خانے کے اندر امیدوار کے نام پر مہر لگانے سے مسترد ہوئے، پریذائیڈنگ افسر کو صدرِ پاکستان نے الیکشن کرانے کیلئے نامزد کیا تھا۔

عدالتِ عالیہ نے یوسف رضا گیلانی کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت یکم جون تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین