کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی و دیگر کے خلاف ٹریڈ ڈولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) میں میگا کرپشن کیس میں یوسف رضا گیلانی اور ملزم زبیر کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 20 جولائی تک ملتوی کردی ۔ عدالت نے ملزمان کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے پچیس سے زائد کاروباری شخصیات کے ایک بار پھر ورنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو حکم دیا کہ ملزموں کو آئندہ سماعت پر گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔ بدھ کو وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں ٹڈاپ میں اربوں روپے کی کرپشن کے 24 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور ملزم زبیر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ یوسف رضا گیلانی اور ملزم زبیر کی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کر دی گئی ۔ عدالت نے دونوں ملزمان کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرلی ۔بعد ازاں عدالت نے 24 مقدمات کی سماعت 20 جولائی تک ملتوی کردی ۔