شکارپور میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کےخلاف پانچویں روز بھی آپریشن جاری ہے، آپریشن میں کراچی سے آئے 200 پولیس کمانڈوز سمیت 700 سے زائد اہلکار شریک ہیں، ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانے گرا کر آگ لگا دی گئی ہے، اب تک 12 مغویوں میں سے 9 کو بازیاب کرایا جا چکا ہے۔
ایس ایس پی شکارپور امیر سعود مگسی کے مطابق آپریشن میں کراچی سے آنے والے 200 پولیس کمانڈوز سمیت 700 سے زائد پولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں ، آپریشن گڑھی تیغو اور دیگر کچے کے علاقوں میں کیا جارہا ہے۔
امیر سعود مگسی کا کہنا ہے کہ اب تک ڈاکوؤں کے 200 سے زائد ٹھکانوں کو مسمار کر کے آگ لگا دی گئی ہے، 12 مغویوں میں سے 9 کو بازیاب کروایا جا چکا ہےجبکہ کشمور اور سکھر پولیس کی جانب سے بھی کچے کی حدود میں آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
ایس ایس پی شکار پور کے مطابق جب تک کچے کے علاقے کو ڈاکوؤں سے کلیئر نہیں کیا جاتا تب تک آپریشن جاری رہے گا۔
آپریشن کے دوران 2 پولیس اہلکار اور ایک فوٹوگرافر شہید اور 6 اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ 8 ڈاکو ہلاک اور 12 بھی زخمی بھی ہوئے جنہیں ان کے ساتھی لے کر فرار ہوگئے۔