پاکستان آنے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکان بوزکر اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان آج ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے کورونا حفاظتی ہدایات کو نظر انداز کیا۔ ہاتھ بھی ملایا اور بغل گیر بھی ہوئے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکان بوزکر جب آج اسلام آباد میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے لیے پہنچے تو استقبال کے دوران دونوں نے ہاتھ بھی ملایا اور ایک دوسرے کو لگے بھی لگایا۔
اس کے بعد دونوں جب فوٹو سیشن کے لیے ہال میں پہنچے تو شاہ محمود قریشی نے مصافحہ کے بجائے کہنی ملانے کی کوشش کی لیکن یہ کوشش اس وقت ناکام ہوگئی جب وولکان بوزکر نے اس کوشش کو بھرپور انداز سے مصافحے میں بدل ڈالا۔
کورونا وبا کی آمد کے بعد دنیا بھر میں سماجی رابطے کے نئے تقاضے طے کئے جارہے ہیں، عالمی سطح پر ریاستی سربراہان اور سیاسی رہنما "نیو نارمل" اختیار کر رہے ہیں۔
حال ہی میں سعودی عرب کے دورے پر خود وزیر اعظم عمران خان احتیاط برتتے ہوئے نظر آئے۔ انہوں نے نہ صرف ماسک پہنے رکھا بلکہ ہاتھ ملائے بغیر ہی سعودی قیادت سے گرم جوشی کا مظاہرہ کیا۔
ماہرین ویکسینیشن کے بعد بھی ہاتھ ملانے، گلنے ملنے یا کسی بھی قسم کے قریبی تعلق سے گریز کرنے کا اس وقت تک مشورہ دے رہے ہیں جب تک کہ مقامی آبادی میں اجتماعی طور پر مدافعت پیدا نہیں ہوجاتی۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سربراہان اور وزرا ایسا طرز عمل اپنائیں گے تو عوام کو کون سمجھائے گا؟