• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ: عید کے بعد گزشتہ سال کی نسبت کورونا کیسز میں کمی


سندھ کے محکمہ صحت نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے میں عید الفطر کے بعد گزشتہ سال کے مقابلے میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی آئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق گز شتہ سال عید کے بعد 15 دن میں کورونا وائرس کے کیسز میں 30 فیصد اضافہ ہوا تھا، رواں سال یہ اضافہ 7 سے 8 فیصد کے درمیان رہا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 14 ہزار 158 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 4 ہزار 988 ہو گئی ہیں۔

جبکہ پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 482 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 67 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 2 ہزار 822 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 4 اعشاریہ 80 فیصد ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 20 ہزار 607 ہو گئی ہے، جبکہ کُل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 13 ہزار 784 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 58 ہزار 611 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 132 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کُل 8 لاکھ 34 ہزار 566 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 51 ہزار 625 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 30 لاکھ 57 ہزار 951 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2 لاکھ 87 ہزار 109 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی جبکہ اب تک کُل 61 لاکھ 30 ہزار 509 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

تازہ ترین