شوبز انڈسٹری کے جانے مانے اداکار سید جبران نے عمران عباس کی یوٹیوب پر شادی کی افواہوں پر مزاحیہ ردعمل دے دیا۔
سید جبران نے عمران عباس کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’علیزے، صبور، اُشنا اور عروہ، چار ہوگئیں، میرا خیال سے آپ کا شرعی کوٹہ پورا ہوگیا ہے۔‘
واضح رہے کہ اداکار عمران عباس یوٹیوبرز کی جانب سے ریٹنگ اور ویڈیو دِکھانے کے نئے طریقے آزمانے کیلئے اپنی چوتھی شادی کروانے والوں پر برہم دکھائی دیے۔
عمران عباس کا کہنا تھا کہ’یار ان بلاگرز کو کوئی اور کام نہیں ہے کیا ، یا یہ سمجھتے ہیں کہ مجھے کوئی اور کام نہیں ہے، جنوری 2021 سے اب تک میری چوتھی شادی کروادی ہے انہوں نے۔‘
انہوں نے مداحوں سے درخواست کی تھی کہ وہ ایسے تمام یوٹیوب چینلز کو ان سبسکرائب کریں، بلاگر اور سوشل میڈیا پیجز کو فالو کرنا ترک کریں تاکہ یہ لوگ بھی مزہ چکھ سکیں۔
اداکار کی اس پوسٹ پر اداکارہ اُشنا شاہ بھی ردعمل دے چکی ہیں لیکن سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ سید جبران نے تو اپنے کمنٹ سے میلہ ہی لوٹ لیا۔