مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہےکہ پیپلزپارٹی اور اے این پی نے پی ڈی ایم کو چھوڑ دیا ہے، ان کے راستے اب علیحدہ ہیں۔
کراچی کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں نے کسی کو نہیں کہا کہ پی ڈی ایم سے استعفیٰ دوں گا، آج بھی ملکی سیاست کامحور نواز شریف ہیں۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے فیصلوں پر عمل اور دفاع کرنا میرا کام ہے۔
شاہد خاقان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گروتھ کی الٹی سیدھی باتیں کرنے سے ملک نہیں چلے گا، ملک آئین اور قانون کی بالادستی سے چلتا ہے، جھوٹ بولنے سے ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکے ڈالنے والے آج پرائیویٹ جہازوں میں باہر جا رہے ہیں اور ملک کی خدمت کرنے والے عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم عدالتوں کے چکر لگالیں گے لیکن کیا اس سےملک آگے بڑھ پائے گا؟کیا ہماری خارجہ پالیسی آزاد ہے؟کیا ہمارا ملک آزاد کہلا سکتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں جذبات کی بات ہوتی ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن کام کررہی ہے، اس حکومت کاکوئی معاشی قدم ایسا نہیں جو ملک کو بہتری دے سکے،جی ڈی پی آج 2018 ءسے کم ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نون لیگ نے صحافیوں پر حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔