کراچی(اسد ابن حسن) گلگت بلتستان کے مسافروں پر کورونا ویکسین اور پی سی آر ٹیسٹ کی لازمی شرط عائد کر دی گئی۔ شمالی علاقہ جات کے مسافروں کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی۔ سی اے اے کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ کموڈور عرفان صادر کے ہدایت نامے کے مطابق 50 سال سے زائد عمرکے مسافروں کے لئے کورونا ویکسین سرٹیفیکیٹ کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ 30 تا 50 سال عمر کے مسافروں کو بھی ہوائی سفر کے لئے کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ان شہروں میں ہوائی سفر کے لئے کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ کی لازمی شرط یکم جون 2021 سے نافذ کر دی جائے گی۔ 18 تا 30 سال عمر کے مسافروں کو 72 گھنٹے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ اور پی سی آر منفی رپورٹ فراہم کرنے والے مسافروں کو ایئر لائن بورڈنگ کارڈز جاری کریں گی۔