• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم گپ شپ کیلئے نہیں بنائی تھی، بلاول بھٹو


پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم گپ شپ کے لیے نہیں بنائی تھی۔

سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے ارکانِ پارلیمان سے ملاقات میں پی پی چیئرمین نے کہا کہ پی پی کے عہدیداروں نے پی ڈی ایم سے استعفے دیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی پی قیادت نے پی ڈی ایم میں واپسی کی خواہش کا کبھی بھی اظہار نہیں کیا ہے، کیوں ہم سے واپس جانے کی بات کی جاتی ہے۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ پارلیمان کو بالائے طاق رکھ کر آرڈیننس کے ذریعے ریاستی امور چلانا افسوسناک ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی پی عوام دشمن بجٹ کی مخالفت کرے گی اور اسے منظور نہیں ہونے دے گی، پی ٹی آئی حکومت کو آزاد کشمیر میں اپنی شکست نظر آرہی ہے۔

پی پی چیئرمین نے دوران ملاقات پارٹی سینیٹرز سے حکومتی بجٹ سے متعلق اپوزیشن کے لائحہ عمل اور مجوزہ حکومتی قانون سازی کے تناظر میں حکمت عملی پر گفتگو کی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو کو پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے آرڈیننس سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے اس پر پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ آزادی اظہار رائے کو کچلنے والی ہر قانون سازی کی مخالفت کی جائے۔

پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ریاستی اداروں کی نجکاری کے ہر عمل کی مخالفت کی جائے۔

تازہ ترین