• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: DHA میں بلند عمارت انسانی جانوں کیلئے خطرے کی علامت


کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں بلند و بالا رہائشی عمارت قیمتی انسانی جانوں کے لیے خطرے کی علامت بن گئی۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت ٹیڑھی ہوگئی جو کہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ کا باعث ہے۔

عمارت کے گراؤنڈ فلور پر دکانیں جبکہ بالائی منزلوں پر مختلف خاندان کرائے پر رہائش پذیر ہیں۔

ڈی ایچ اے انتظامیہ نے متاثرہ بلڈنگ کے حوالے سے نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ اے فیز سیون ایکسٹینشن میں واقع 5 منزلہ رہائشی عمارت ٹیڑھی ہوگئی، جس کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ عمارت 12سال قبل تعمیر کی گئی تھی، جس کے گراؤنڈ فلور پر دکانیں جبکہ بالائی منزلوں پر مختلف خاندان بطور کرایہ دار رہائش پذیر ہیں۔

عمارت کے ڈھانچے کو گزشتہ سال طوفانی بارشوں کی وجہ سے نقصان پہنچا تھا اور وہ ایک جانب جھک گئی، جس کے سدباب کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی نے متاثرہ بلڈنگ کے حوالے سے نوٹس لے لیا ہے، ڈی ایچ اے حکام کی جانب سے متاثرہ بلڈنگ کا اسٹرکچر انجینئرز سے معائنہ کروادیا گیا۔

آج صبح بھی ڈی ایچ اے، کنٹونمنٹ بورڈ اورپولیس کے اعلیٰ افسران نے متاثرہ بلڈنگ کا دورہ کیا ہے۔

ڈی ایچ اے انتظامیہ کی جانب سے دو ماہ پہلے ہی بلڈنگ کے مالک کو عمارت خالی کرانے کے لیے کہا گیا تھا جبکہ بلڈنگ کو خالی کروانے کے حوالے سے انتباہی بینرز بھی آویزاں کردیے گئے ہیں۔

تازہ ترین