وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانی فوج کا سامنا جب بھی دشمن سے ہوا، اس نے ایسے نتائج دکھائے جن کا کوئی موازنہ ممکن نہیں۔
کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں اسٹاف کورس کے شرکا اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانی فوج نے پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو کامیابی سے ناکام بنایا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی افواج کی پیشہ وارانہ اور جنگی صلاحیت کی وجہ سے ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان کے مستقبل سے متعلق اپنے وژن کی تفصیل کے ساتھ وضاحت کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کا ایسا مستقبل چاہتے ہیں، جس میں قانون کی حکم رانی ہو، بلاامتیاز احتساب ہو اور انصاف کا دور دورہ ہو۔
عمران خان نے مزید کہا کہ علامہ اقبال اور قائداعظم کے نظریے اور اسلامی اصولوں کے مطابق ایک خوش حال ریاست کا قیام صرف تب ہی ممکن ہو سکتا ہے، جب ہم ایک قوم کی حیثیت سے مستقل مزاجی کے ساتھ محنت کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی اور آٹومیشن جیسے مختلف شعبوں کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوششیں کی ہیں۔
انہوں نے کورس کے شریک افسران کو تجویز دی کہ وہ ناکامی کے خوف کو بھلا کر اپنے خوابوں کے حصول کی جدوجہد کریں تا کہ وہ اپنے مقاصد حاصل کر سکیں۔
کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ آمد پر وزیراعظم کا استقبال آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹننٹ جنرل سرفراز علی نے کیا۔
پاک فوج نے ملک دشمنوں کے مذموم عزائم کو کامیابی سے ناکام بنایا