کوئٹہ(خ ن)بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی ہدایت پر قائمقام سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ نے شہر میں غیر قانونی،جعلی اور بغیر پرمٹ ہولڈر رکشوں کے خلاف بروری روڈ پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 15غیر قانونی رکشے پکڑ لیے۔ جبکہ53رکشوں کو چالان اور متعدد کے کاغذات قبضے میں لےلیے۔اس موقع پر آر ٹی اے کوئٹہ،ٹریفک پولیس اور لیویز فورس کا عملہ بھی موجود تھا۔اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں غیر قانونی اور جعلی رکشوں کے خلاف کارروائی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے اب تک شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی عمل میں لاتے ہوئے سکڑوں غیر قانونی رکشہ پکڑے ہیں۔کوئٹہ شہر میں کسی کو بغیر پرمٹ رکشہ چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس سلسلے میں قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لئے غیرقانونی رکشوں کے خلاف کارروائی روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی لہذا تمام رکشہ ڈرائیور اپنے کاغذات ہمراہ رکھیں اور دوران چیکنگ عملے کو پیش کریں بصورت دیگر چیکنگ کے دوران پکڑے جانے پر رکشہ بند کردی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی رکشوں کے خلاف کارروائی سے شہر میں رش کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔