لاہور،سیالکوٹ(نمائندہ خصوصی،نمائندہ جنگ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہے کہ سیاست میں دروازے بند نہیں ہوتے، کوئی جماعت پی ڈی ایم میں رہے یا نہیں، سب اپوزیشن کا حصہ ہیں۔ پیپلز پارٹی ایوان کا حصہ ہے اور بطور اپوزیشن اس کا اپنا کردار ہے۔حمزہ شہباز شریف نے گزشتہ روز لیگی ایم پی اے خوش اختر سبحانی کی وفات پر تعزیت کے لئے سیالکوٹ کادورہ کیا اور مرحوم ایم پی اے کے بھائی اور کزن سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی پارٹی کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر ایم این اے ارمغان سجانی۔ایم پی اے محمد منشا۔میاں عتیق الرحمان۔چوہدری رضا منیر اور افضل شاہین۔ مجید بٹ اور سجاول وسیم سمیت دیگر بھی موجود تھے۔حمزہ شہباز نے بعد ازاں کارکنوں اور عہدیدران سے بھی ملاقات کی۔سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جھوٹے دعوؤں اور سبز باغ دکھانے سے لوگوں کے پیٹ نہیں بھرتے، ناقص حکومتی پالیسیوں کے باعث عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔حمزہ شہباز نے کہا کہ غریب آدمی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ مرغی کے ریٹ کا الزام لگانے والے بتائیں کہ جب میں دو سال جیل میں رہا تو اس وقت کون ریٹ نکالتا تھا؟ان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔ ہم نے قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں اور پاکستان کی ترقی کے لئے سب کچھ برداشت کیا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا اپنا الگ کردار رہتا ہے۔