مردان( نامہ نگار ) مردان پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے مقابلے کے بعد دو مبینہ دہشتگرد گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق ڈی پی او فیصل شہزاد کو اطلاع ملی کہ دہشت گرد اس وقت شہباز گڑھی اور صوابی کے ملحقہ پہاڑی علاقے میں موجود ہیں جس پر پولیس نے مذکورہ پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ مقابلہ کیا اور مقابلے کے بعد دو دہشتگرد گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دو کلوگرام بارود ،دس ڈائنامائیٹ ،دس ڈیٹونیٹر ،نوے فٹ سیفٹی فیوز اور30 بور پستول برآمد کر لئے۔گرفتار ملزمان صوابی کے رہائشی اور تعلق تحریک طالبان سوات سے ہے جبکہ ان پر دہشت گردی کے دیگر واقعات کے علاوہ ٹارگٹ کلنگ کا بھی شبہ ہے۔