• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے کہا ہے کہ وہ ملالہ یوسفزئی کے خلاف نہیں ہیں، وہ بس غلط کا ساتھ نہیں دے رہیں۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں رابی پیرزادہ نے کہا کہ ’میں ملالہ یا دنیا کے کسی بھی شخص کے خلاف نہیں ہوں۔‘

رابی پیرزادہ نے کہا کہ ’اور شاید میں خود دُنیا کی سب سے بُری انسان ہوں لیکن لاکھوں لوگ مجھے فالو کرتے ہیں اور میں اپنا فرض سمجھتی ہوں کہ جو بھی غلط ہو رہا ہے اسے درست کرنے کی کوشش کروں۔‘

سابقہ گلوکارہ نے کہا کہ ’میں نے اپنے کسی پیغام میں ملالہ کی بےعزتی نہیں کی بلکہ میں نے اُن سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے حالیہ بیان پر غور کریں۔‘

یاد رہے کہ رابی پیرزادہ نے ملالہ یوسفزئی کے شادی کے حوالے سے دیے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’بہن میں نے موسیقی چھوڑ دی ہے، مگر آپ کو دیکھ کر مرحوم نصرت فتح علی خان یاد آگئے، کیا سے کیا ہوگئے دیکھتے دیکھتے۔‘

اُنہوں نے کہا تھا کہ ’ہم مسلمان کسی کے لیے گالیاں یا فسق باتیں نہیں کرتے لیکن ہاں اُمید ضرور کرتے ہیں کہ دین کے حوالے سے منفی بیانات دینے والے افراد ہمارے دینِ اسلام کی نمائندگی نہ کریں۔‘

واضح رہے کہ برطانوی فیشن میگزین ووگ کی ویب سائٹ پر ملالہ یوسفزئی کا انٹرویو شائع ہوا تھا جس میں انہوں نے شادی کے حوالے سے بھی گفتگو کی تھی۔

ووگ میگزین کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے کہا تھا کہ مجھے اب بھی سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں۔ اگر آپ اپنی زندگی میں کسی شخص کا ساتھ چاہتے ہیں تو آپ کو شادی کے کاغذات (نکاح کے کاغذات)پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ کیا یہ ساتھ صرف پارٹنرشپ پر مشتمل نہیں ہوسکتا؟ 

تازہ ترین