• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم، ایم کیو ایم قیادت ملاقات کی اندرونی کہانی


وزیراعظم عمران خان اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) وفد کی ملاقات کی اندورنی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ایم کیو ایم قیادت نے دوبارہ مردم شماری کا مطالبہ ایک بار پھر دہرایا۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم وفد کو وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی وہ آئندہ بجٹ میں مردم شماری کے لیے فنڈز رکھیں گے۔

عمران خان نے مزید کہاکہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ دوبارہ مردم شماری کا وعدہ پورا کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے حیدرآباد اور کراچی میں شہری علاقوں کا جعلی ڈومیسائل کا معاملہ بھی اٹھایا۔

وزیراعظم کے روبرو ایم کیو ایم وفد نے شہری سندھ کے لوگوں کے حق مارے جانے کے حوالے سے دہائی دی اور کہا کہ شہری لوگوں کا حق مارا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جعلی ڈومیسائل بنانے والوں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں سندھ کے شہری علاقوں کو نظر انداز نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم ہماری اہم اتحادی ہے، اس کے جائز مطالبات تسلیم ہوں گے، پانی، سیوریج، ترقیاتی کام ترجیحات پر ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر وزیر داخلہ کو وہاں بھیجا۔

ذرائع کے مطابق دوران ملاقات ایم کیو ایم وفد نے وزیراعظم عمران خان کو بجٹ منظوری کےلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ تحریک انصاف اتحادی ہے ہر جگہ ان کے ساتھ ہیں۔

تازہ ترین