حال ہی میں معروف ڈرامہ سیریل ’چُپکے چُپکے‘ سے اداکاری کی دُنیا میں اپنا ڈیبیو کرنے والے نوجوان اداکار ارسلان نصیر کے یوٹیوب چینل پر سبسکرائبر کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔
اس ضمن میں ارسلان نصیر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک خصوصی ویڈیو شیئر کی جس میں اُنہوں نے بتایا کہ ’اُن کے یوٹیوب چینل پر سبسکرائبر کی تعداد ایک ملین یعنی 10 لاکھ ہوگئی ہے۔‘
ارسلان نصیر نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’میں اپنی اس کامیابی پر اپنے تمام مداحوں کا جتنا شکریہ ادا کروں کم ہے۔‘
دوسری جانب ارسلان نصیر گزشتہ روز سے پاکستان میں مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز کی فہرست میں شامل ہیں۔
ارسلان نصیر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز کی فہرست کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ارسلان نصیر کے یوٹیوب چینل کا نام پہلے نمبر پر موجود ہے۔
اداکار نےخوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اور ہم پہلے نمبر پر موجود ہیں۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’میں اپنے تمام چاہنے والوں سے بہت محبت کرتا ہوں۔‘
واضح رہے کہ ارسلان نصیر کو رمضان میں نشر ہونے والے خصوصی ڈرامہ سیریل ’چُپکے چُپکے‘ سے کافی شہرت حاصل ہوئی ہے جو کہ ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا گیا تھا۔