• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں کورونا کیسز کم نہ ہوئے، شرح 13 فیصد

کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 13 فیصد کے قریب برقرار ہے، پابندیوں کے باوجود وائر س کا پھیلاؤ کم نہ کیا جا سکا۔

سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 2 فیصد ریکارڈ کی گئی اور 925 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 16 افراد انتقال کر گئے۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں کورونا وائرس کے 14 ہزار 937 ٹیسٹ کیئے گئے جن کے نتیجے میں 925 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 13 فیصد کے قریب ریکارڈ کی گئی۔

اس دوران شہر میں 4 ہزار 154 ٹیسٹ کے نتیجے میں 529 کورونا وائرس میں مبتلا مریض سامنے آئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حیدر آباد میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 9 اعشاریہ 23 فیصد ریکارڈ کی گئی، 619 ٹیسٹ کیئے گئے جس سے 67 مثبت کیسز مثبت آئے، 24 گھنٹوں میں سندھ میں کورونا وائرس سے 16 افراد انتقال کر گئے۔

دوسری جانب تاجروں نے صوبائی حکومت کے احکامات مزید ماننے سے انکار کر دیا اور آج سے دکانیں شام 6 بجے کے بجائے 8 بجے تک کھولنے کا اعلان کر دیا۔

تاجروں کی جانب سے حکومتی کارروائی کی صورت میں سڑکوں پر آنے کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔

ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کی کم شرح والے اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے پیر سے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 2 فیصد سے بھی کم ہو گئی جس کے بعد صوبے بھر میں ایس او پیز کے ساتھ مزار بھی کھول دیئے گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 923 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 84 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 4 ہزار 380 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح تقریباً 4 فیصد رہی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 21 ہزار 189 ہو گئی ہے، جبکہ کُل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 30 ہزار 511 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 48 ہزار 937 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار 452 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کُل 8 لاکھ 60 ہزار 385 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 50 ہزار 393 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 34 لاکھ 71 ہزار 172 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 55 ہزار 6 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 82 لاکھ 63 ہزار 763 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

تازہ ترین