کراچی(پ ر)متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری نے شام میں بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسلم حکمرانوں کے لئے چیلنج قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شامی حکومت اور باغیوں کے درمیان خونریزی روکنے اور مستقل پائیدار قیام امن کے لئے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں کردار اداکریں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں ماہانہ تربیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر آفتاب احمدکے ماورائے عدالت مبینہ قتل کی تحقیقات کئے جانے کا اعلان خوش آئند وقرین انصاف ہے۔اس قسم کے واقعات دہشت گردی کے خلاف کراچی آپریشن کو ناکام و مشکوک بنانے کے مترادف ہیں۔کراچی میں امن کے لئے رینجرز کی مثالی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔شہر میں بد امنی رینجرز کی کارروائیوں کے باعث ہی قابو میں آسکی ہے جبکہ بھتہ خوری سمیت متعدد دیگر جرائم کی شرح میں بھی نمایاں کمی ہو گئی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے یوم سوگ و غم میں شریک ہیں۔ اجلاس سے علامہ مرزا یوسف حسین، مولانا انتظارالحق تھانوی، علامہ عبدالخالق فریدی،علامہ علی کرارنقوی، اے اے فریدی، علامہ شاہدین اشرفی، علامہ عبداللہ جوناگڑھی، مولانا روشن دین الرشیدی، قاری انوار حمیدی، علامہ غلام مصطفی رحمانی،سید رضی حیدر رضوی، لئیق احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔