آئی جی ریلوے پولیس عارف نواز کا کہنا ہے کہ ڈہرکی ٹرین حادثے میں ریلوے پولیس کے شہید دونوں جوانوں کی قربانی کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔
آئی جی ریلوے پولیس عارف نواز نے ڈہرکی میں پیش آنے والے ٹرین حادثے کی جگہ کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایس پی ریلوے سکھر اور ڈی ایس ریلوے سکھر نے ریسکیو آپریشن پر آئی جی ریلوے پولیس کو بریفنگ دی۔
آئی جی ریلوے پولیس عارف نواز نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے تمام اداروں کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ریسکیو آپریشن کے مکمل ہونے تک تمام سینئر افسران جائے حادثہ پر موجود رہیں۔
آئی جی ریلوے پولیس عارف نواز نے حادثے میں اموات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ریلوے پولیس کے شہید دونوں جوانوں کی قربانی فراموش نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی کے قریب گزشتہ روز پیش آنے والے ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہو چکی ہے۔