راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر رائے مظہراقبال نے کہاہے کہ مری روڈپرٹریفک کی روانی کومزیدبہتربنانے کے لے مریڑچوک کی ری ڈیزائننگ کی جائے گی۔ اس حوالے سے انہوں نے پلان تیارکرلیاہے ،شہرکی مرکزی شاہراہ پردونئے یوٹرنزبننے سے ٹریفک کے فلومیں بہتری آئی ہے جسے مزیدبہتر بنانے کے لئے کام کیا جا رہا ہے ۔جنگ سے گفتگوکرتے ہوئے سی ٹی او نے کہاکہ شہرمیں ٹریفک کے نظام کوبہتربنانے کیلئے وہ دیگرمتعلقہ اداروںکے تعاون سے اقدامات کررہے ہیں۔ مری روڈ کے ساتھ لیاقت روڈ،راشدمنہاس روڈ،کشمیرروڈوغیرہ لنک روڈز پربھی ٹریفک کادباؤپہلے کی نسبت کم ہوگیاہے انہوں نے کہ مریڑچوک کی ری ڈیزائننگ کے لئے انہوں نے متعلقہ حکام سے بات کی ہے ان شاء اللہ اس حوالے سے فنڈزملتے ہی کام شروع کردیاجائے گا جس سے ٹریفک کی روانی مزید بہترہوجائے گی ۔انہوں نے کہاکہ سواں پل کی تعمیرسے جہلم روڈسے جی ٹی روڈروات کی جانب جانے والی ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آئی ہے ،جب کہ یہاں مزیدایک پل کی تعمیرسے راولپنڈی کی جانب آنے والی ٹریفک کادباؤبھی کم ہوجائے گا۔جب کہ عمارچوک میں تعمیراتی کام کی تکمیل اوربعدازاں کچہری چوک مجوزہ پلان سے ٹریفک مزیدبہترہوگی ،سی ٹی اونے کہاکہ شہرمیں پارکنگ کی کمی ہے اس حوالے سے پارکنگ پلازوں کی تعمیرسے اس کمی کوپوراکیاجاسکتاہے انہوں نے کہاکہ جن شاپنگ مالز اورپلازوں میں پارکنگ کے لئے جگہوں کو غیرقانونی طور پرتجارتی مقاصدکے لئے استعمال کیاجارہا ہے،بلدیاتی اداروں کوان کے خلاف کارروائی کے لئے لیٹرلکھے گئے ہیں۔