• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہماری ٹرینیں ٹریک پر کب چلیں گی؟ یاسر حسین کا سوال

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان یاسر حسین نے ڈہرکی ٹرین حادثے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوال اُٹھایا ہے کہ ہماری ٹرینیں ٹریک پر کب چلیں گی؟

گزشتہ روز یاسر حسین نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ڈہرکی ٹرین حادثے کے حوالے سے خصوصی اسٹوری شیئر کی۔

یاسر حسین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ایک خبر شیئر کی جس کے مطابق اُس وقت ڈہرکی ٹرین حادثے میں 30 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی تھی۔

اداکار نے خبر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’اداکاروں کی بکواس لڑائیوں پر تو ہر کوئی بات کررہا ہے لیکن ٹرین حادثے میں جو یہ معصوم افراد اللّہ تعالیٰ کو پیارے ہوگئے اُن کے لیے کوئی اپنی آواز نہیں اُٹھا رہا۔‘

اُنہوں نے واقعے پر شدید دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے سوال کیا کہ ’آخر ہماری ٹرینیں کب ٹریک پر چلیں گی؟‘

واضح رہے کہ ڈہرکی ٹرین حادثے میں شہید ہونے والے مسافروں کی تعداد 65 ہوگئی ہے جن میں سے 58 میتیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں جس کے بعد لواحقین کے گھروں میں کہرام مچ گیا  جبکہ پاکستان بھر کے عوام سوگوار ہیں۔

کئی افراد کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور تدفین پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے، گھر والے اور رشتے دار آہ و بکا کرتے رہے۔

حادثے کے 34 گھنٹے بعد اپ اور ڈاؤن ٹریک بحال کردیا گیا ہے تاہم کراچی سے 15 ٹرینوں کی روانگی منسوخ کی گئی، حادثےکی ابتدائی رپورٹ میں ٹرین حادثے کی وجہ پٹری ٹوٹنا قرار دیا گیا ہے۔

تازہ ترین