پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان نے کہا ہے کہ وہ اپنے مداحوں کے لیے کچھ نیا لانے والے ہیں جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کشمکش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
حال ہی میں جنید خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر موجود اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر اپنی نئی تصویر شیئر کی جس میں سفید لباس زیب تن کیا ہوا ہے جبکہ گلے میں چین پہنی ہوئی ہے۔
جنید خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’کچھ دلچسپ آنے والا ہے۔‘
فاسٹ بولر نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میرے ساتھ رہیں۔‘
قومی کرکٹر کے اس ٹوئٹ کے بعد صارفین کے دماغ میں کئی سوال جنم لے رہے ہیں۔
اویس رضا نامی صارف نے جنید خان کے ٹوئٹ پر سوال کیا کہ ’آپ کا ڈرامہ یا سیریز آرہی ہے؟‘
ملک یاسین نے لکھا کہ ’جنید خان اپنا ایک اور یوٹیوب چینل کھول رہے ہیں۔‘
ایک صارف نے لکھا کہ ’مجھے اُمید ہے کہ یہ خبر کرکٹ سے منسلک ہوگی۔‘
حرا نامی صارف نے لکھا کہ ’مجھے اُمید ہے کہ آپ فواد عالم کی طرح اداکاری کی دُنیا میں قدم نہیں رکھو گے۔‘
صارف نے لکھا کہ ’ہم آپ کو دوبارہ گرین ٹیم میں دیکھنا چاہتے ہیں اور ہماری دُعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔‘
دوسری جانب ابھی تک جنید خان کی جانب سے اس خبر کی کوئی تفصیل نہیں دی گئی ہے۔